مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے جو بھی طاقت آگے بڑھے گی کشمیری اس کا خیر مقدم کریں گے،ڈاکٹر خالد محمود

راولاکوٹ:جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے جو بھی طاقت آگے بڑھے گی کشمیری اس کا خیر مقدم کریں گے،مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کی آڑ میں سخت ترین لاک ڈاؤن کے دوران قابض فوجیوں اور ہندو بلوائیوں کو حملوں کی کھلی چھٹی دینے پرایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کااظہار عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،باطل نظام کے محافظوں کے مفادات فرسودہ نظام سے جڑے ہوئے ہیں ،جماعت اسلامی باطل نظام اور اس کے محافظوں سے قوم کو نجات دلانے کے لیے انتخابی میدان میں ہے ،کورونا وباء سے نجات کے لیے رجوع الیٰ اللہ کیا جائے اور ایس اوپیز پر عمل کرتے ہوئے کارکن متحرک اور فعال کر دار ادا کریں

ان خیالات کااظہار انہوں نے بیان میں کیا،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیرکی آزادی اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے برسرپیکار ہے جماعت اسلامی آزاد خطے میں پہاڑی کا چراغ اور زمین کا نمک کی حیثیت رکھتی ہے جماعت اسلامی خطے میں مینارہ نور بن کر جدوجہد کررہی ہے ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے یہ خطہ قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ ہی کے لیے آزاد کروایا گیا تھا اور بقیہ کشمیرکی آزادی کے لیے قربانیاں بھی اسی نظام کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی انقلابی انتخابی منشور کے ساتھ میدان میں موجود ہے عوامی مسائل کے حل اور اصلاح احوال کے لیے قوم ہمارا ساتھ دے تا کہ آزاد خطے میں محرومیوں کا ازالہ کیاجاسکے اور کشمیرکی آزادی کی منزل کے حصول کے لیے عملی اقدامات کیے جاسکیں۔جماعت اسلامی کے پاس صحت تعلیم اور انفراسٹریکچر کی بہتری کے لیے بہترین لائحہ عمل موجود ہے بے روزگار نوجوانوں کے روزگار کے مواقعے پید ا کیے جاسکتے ہیں وسائل موجود ہیں لیکن ان کا درست استعمال نہ ہونے کے باعث ہم پسماندہ ہیں جماعت اسلامی اس پسماندگی کو ختم کرنے کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تو ہم عوام کے بنیادی مسائل 5سالوں میں حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

Recommended For You

About the Author: admin