سرینگر میں آتشزدگی،6 رہائشی مکانات خاکستر

سرینگر:مقبوضہ کشمیرمیں شہر سرینگر کے نواب بازار میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں 6 رہائشی مکانات خاکسترہوئے ہیں جس کے سبب 7کنبوں کے 60 افرادبے گھر ہو گئے ہیں ۔

کے پی آئی  کے مطابق عینی شاہدین کے مطابق سرینگر کے نواب بازار کے گنجان علاقہ میں دوران شب قریبا صبح کے چاربجے ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی  جس کی لپیٹ میں اس پاس کے مزید6 رہائشی مکانات بھی آگئے ۔

مقامی لوگوں نے فوری طور پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی جن کی لگ بھگ 9 گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہوگئیں ،تاہم گنجان علاقہ ہونے اور رہائشی مکانوں میں موجود رسوئی گیس کے سلنڈر آگ کی تپش سے دھماکے سے پھٹ جانے سے آگ پھیل گئی۔

اسی اثنا میں آس پاس کے دکانداروں اور مکینوں نے مکانوں اور دکانوں سے سامان باہر نکالنے کی کارروائی شروع کی ،تاہم محکمہ فائر سروس کے عملے ،مقامی لوگوں اورپولیس کی طرف سے کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا لیکن تب تک 7 رہائشی مکانات اور ان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا مال اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔

Recommended For You

About the Author: admin