جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے کیلئے مودی سرکار کے اقدامات عارضی اور ناپائیدار ہیں

جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے کیلئے مودی سرکار کے اقدامات عارضی اور ناپائیدار ہیں جن کا کوئی مستقبل نہیں۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کو نسل کے چیر مین سید صلاح الدین نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی اسرائیلی طرز پر جنت کشمیر کو ہڑپ کرنے،وہاں کے وسائل پر قبضہ کرنے اور وہاں کے عوام کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کی تمام کوششیں ان شا ء اللہ ناکام ہونگی۔ جہاد کونسل کے چیر مین نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل کی فراہمی،اراضی کی خرید و فروخت کیلئے قانون سازی اور مختلف ناموں سے غیر ریاستی باشندوں کیلئے کالونیاں بسانے اور امبھانی برادرس کی طرح بھارتی سرمایہ داروں کا سرمایہ لگا کر قبضہ جمانے کی کوششیں،یہ سارے اقدامات مودی سرکار کے خاتمے سے پہلے ہی ختم ہوجائیں گی۔وقتی طور پر 9لاکھ سے زائد فوجیوں کے بل پر عوام کو دباکر رکھنے کے اقدامات دیر پا ثابت نہیں ہونگے۔سید صلاح الدین نے کہا کہ عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی اور وعدوں سے مجرمانہ فرار اگر چہ مودی عزائم کو تقویت پہنچا رہے ہیں لیکن ایک عوامی آتش فشان وقت آنے پر ان سارے اقدامات کو بھسم کرکے رکھ دے گا۔حزب سربراہ نے حکومت پاکستان کو بھی مشورہ دیا کہ مسئلہ کشمیر کا بنیادی فریق ہونے کی حیثیت سے بھرپور سفارتی مہم جوئی سے عالمی برادری کواس جانب متحرک کرے۔ زبانی جمع خرچی کے بجائے دیگر موثر اقدامات کے ذریعے بھارتی عزائم کو نہ صرف بے نقاب بلکہ ان کو خاک میں ملانے کے اقدامات بھی کرے۔سید صلاح الدین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ خونی لکیر کے آر پار ریاستی عوام کیلئے وطن عزیز کی سرزمین کا چپہ چپہ آزاد کرانے اور اس کا مسلم اکثریتی تشخص بچانے کیلئے ایک فیصلہ کن وقت آچکا ہے۔ ان شا ء اللہ ظالم و جابر قوتوں کی ناکامی نوشتہ دیوار پر لکھی جا چکی ہے۔

Recommended For You

About the Author: admin